تازہ ترین

’آج کا فیصلہ عمران خان کی فتح ہے‘

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے سپریم کورٹ کے 90 روز میں پنجاب اور کے پی میں الیکشن کرانے کے فیصلے کو عمران خان کی فتح قرار دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب اور کے پی میں سپریم کورٹ کے 90 روز میں انتخابات کرانے کے فیصلے کے بعد عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اسے عمران خان کی فتح سے تعبیر کیا ہے اور کہا ہے کہ آج آئین، قانون اور عوام کی جیت ہوئی ہے۔ یہ عمران خان کی فتح ہے اور بہت بڑی کامیابی ہے اب الیکشن کی تیاری کریں۔ سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے پر عمل نہ ہوا تو ملک میں خون خرابہ ہوگا۔

شیخ رشید نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ الیکشن کے نتیجے میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی دوبارہ حکومت بنے گی۔

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیئر سیاستدان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور حکومت میں بجلی مہنگی کر دی گئی ، پیٹرول کا بحران سر پر ہے، 65 کروڑ روپے صرف ڈیڑھ دو ماہ میں وزرا نے خرچ کر ڈالے۔ یہ جو آئی ایم ایف کی شرائط ہیں یہ 1998 والی ہی ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے گزشتہ روز عمران خان کی پیشی کے موقع پراسلام آباد ہائیکورٹ میں صحافیوں پر تشدد کی مذمت کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ پنجاب اور کے پی میں انتخابات کی تاریخ سے متعلق ازخود نوٹس کا گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ آج سپریم کورٹ نے سنا دیا ہے۔ جس میں عدالت عظمیٰ نے دونوں صوبوں میں 90 روز میں الیکشن کرانے کا حکم جاری کیا ہے۔

سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے فیصلہ تین دو کی اکثریت سے سنایا، چیف جسٹس عمرعطابندیال ،جسٹس منیب اختر،جسٹس محمد علی مظہر نے انتخابات کے حق میں فیصلہ دیا جبکہ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل نے اختلاف کیا۔

Comments

- Advertisement -