راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کو نواز شریف کی صحت عزیز ہے تو سیکیورٹی بانڈ کو سیاسی انا کامسئلہ نہ بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2 ہفتے گزر گئے ہیں حکومت پر بھی دباؤ ہے، کابینہ نے فیصلہ کیا ہے جس پر عمل ہونا چاہئے، سیکیورٹی بانڈ کی شرط ہے صحت پر توجہ دینی چاہئے۔
شیخ رشید نے کہا کہ غصے میں چند لوگوں نے مختلف رائے دی ہے، کابینہ کا مشترکہ فیصلہ ہے حکومت نے اپنا حق ادا کردیا ہے، میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں تو وہ کہیں بھی جاسکتے ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ اب تو انہیں کیش بھی نہیں دینا بس ایک بانڈ بھر کر دینا ہے، مریض کی صحت عزیز ہے تو سیاست نہیں کھیلنا چاہئے۔
مزید پڑھیں: نوازشریف کو4ہفتےکیلئےبیرون ملک جانے کی مشروط اجازت
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اگر سیکیورٹی بانڈ کو سیاسی انا کا مسئلہ بنارہی ہے تو میں اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا ہوں۔
واضح رہے کہ حکومت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو علاج کے غرض سے4ہفتےکیلئےبیرون ملک جانےکی مشروط اجازت دے دی ہے۔
کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے سربراہ فروغ نسیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نوازشریف کو4 ہفتےکےلیے بیرون ملک جانے کی ون ٹائم اجازت ہوگی جب کہ نوازشریف یا شہبازشریف7ارب روپےکے سیکیورٹی بانڈزجمع کرائیں گے۔
فروغ نسیم نے واضح کہا تھا کہ ہم بیل بانڈزنہیں انڈیمنٹی بانڈ مانگ رہے ہیں۔