کراچی : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کراچی میں ایسے حالات نہیں کہ آپریشن ہو، عمران خان دور میں کوئی آپریشن نہیں ہوگا نہ گورنرراج آئے گا لیکن سندھ سے ڈاکو راج ختم کرکے دم لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ سے آج صبح ملاقات ہوئی ہے، طے ہواکہ صوبہ اور مرکز مل کر ڈاکوؤں سے نمٹےگا، سندھ حکومت چاہے تو پورے صوبے میں رینجرز مہیا کرنے کو تیار ہیں، سندھ حکومت کی صوابدید ہےجہاں چاہیں رینجرز کو استعمال کرسکتے ہیں۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ تاوان،اغوا،قتل پر ڈاکوؤں کیخلاف دہشتگردی کےمقدمات ہوں گے ، رینجرز کی طرف سے پولیس کو اسلحہ اور ڈرونز بھی دینےکیلئے تیار ہیں، سندھ سے ڈاکو راج ختم کرکے دم لیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ شکارپور صورتحال سے سندھ حکومت خودنمٹناچاہتی ہے مگررینجرزالرٹ ہے، نادرا نے ایسے لوگوں کے بھی کارڈ بنائے جوبعدمیں دہشتگردی میں ملوث پائےگئے، نادراکے کچھ لوگوں کو گرفتار بھی کیاگیا ہے، نادرامیں کرپٹ لوگوں کیخلاف کراچی میں جھاڑو پھیریں گے۔
گورنرراج کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نہ گورنرراج کی بات ہوئی نہ وزیراعظم سندھ میں مداخلت کرناچاہتےہیں، کچے کےعلاقے میں بعض ایسے لوگ ملوث ہیں جن کی سیاسی دلچسپی ہے، سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ڈی آئی جی اورایس ایس پی کو تبدیل کیا ہے، میں خود بھی کچے کے علاقے کا دورہ کروں گا۔
وفاقی وزیر نے کہا ڈاکوؤں کیخلاف تمام ادارےایک پیج پر ہیں ، سندھ پولیس کو مطلوب اسلحہ فراہم کریں گے، تمام ادارےشکار پور اور جیکب آباد سے ڈاکو راج کاخاتمہ چاہتے ہیں۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں پی ٹی آئی کو شکایت ہیں وزیراعظم کو بتاؤں گا تاہم جہانگیر ترین کے معاملے کے بارے میں مجھے کوئی علم نہیں۔
عمران خان کی حکومت سے متعلق انھوں نے کہا عمران خان 5سال مکمل کرینگے میں ساتھ کھڑاہوں، اگلے الیکشن میں بھی کوشش کرینگے عمران خان کی حکومت آئے۔
اپوزیشن کے حوالے سے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کیا آپ کو اس وقت نون سے شین نکلی ہوئی نظرنہیں آرہی، شاہدخاقان نے کہا پیپلز پارٹی واپس آئی تو استعفیٰ دےدوں گا۔
لاپتہ افراد سے متعلق شیخ رشید نے کہا ہم مسنگ پرسن کیلئے قومی اسمبلی میں قانون لارہے ہیں، بجٹ کیساتھ مسنگ پرسن کا قانون بھی اسمبلی لارہے ہیں۔
فوجی اڈا دینے خبر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی موجودگی میں کسی کو کوئی فوجی اڈا نہیں دیاجائے گا ، کوئی ایئر بیس نہیں دیا جا رہا،پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، افغانستان میں امریکا،چین،روس ،ایران اور پاکستان متفقہ میکنزم رکھیں گے۔
وفاقی وزیر نے مہنگائی سے متعلق کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں مہنگائی ہوئی ہے پوری دنیا میں ہوئی ہے، سرکاری ہویا نجی ، تنخواہ دارلوگوں کی تنخواہیں بڑھنی چاہئیں۔
گفتگو میں کراچی کے حالات سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کےتحت سندھ حکومت کے اختیارات کیخلاف نہیں جائیں گے، کراچی میں ایسے حالات نہیں کہ آپریشن ہو، عمران خان دور میں کوئی آپریشن نہیں ہوگا نہ گورنرراج آئے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ جو شناختی کارڈ بلاک ہیں وہ کسی وجہ سے ہی بلاک ہیں، جو لوگ پیسے لیکر شناختی کارڈ بناتے ہیں ان کو نہیں چھوڑیں گے، میں کراچی بلڈرز کیلئے نہیں سیاسی معاملات دیکھنے آیاہوں، جب تک وزیرداخلہ ہے کرپشن کاکیس کبھی ٹھنڈا نہیں ہوگا۔