لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو اپوزیشن لیڈر بنانے والوں نے غلطی کی، شہباز شریف بجٹ سیشن کے بعد پھر ملک چھوڑ کر بھاگ جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف ڈرامے کررہے ہیں، کوئی گرفتار نہیں کرے گا، وہ میڈیا میڈیا کھیلنے آئے ہیں کل پھر بھاگ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شریف اور نواز شریف کی سیاست مختلف ہے، نواز شریف اور آصف زرداری کو سیاست میں دور تک نہیں دیکھ رہا، چھٹی کے دن ضمانتیں ہوں تو اسے جمہوریت نہیں کہا جاسکتا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پوری پارٹی پر نواز شریف کا قبضہ ہے، شہباز شریف تاریخیں طے کرکے آئے ہیں، میڈیا میڈیا کھیلنے والوں کو قوم بھی ایک دن سمجھ جائے گی۔
مزید پڑھیں: اس ملک میں سب ہوسکتا ہے، نواز، زرداری کی حکومت نہیں ہوسکتی، شیخ رشید
وزیر ریلوے نے کہا کہ حکومت اپنا پہلا بجٹ پیش کرنے جارہی ہے، ہم خود اعتراف کرتے ہیں بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، انشاء اللہ حالات بہتر ہوں گے عمران خان مسائل پر قابو پالیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس ملک میں سب ہوسکتا ہے، نواز، زرداری کی حکومت نہیں ہوسکتی، میری بات پر چلتے تو نواز شریف کو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے، شہباز شریف اب بھی وکٹ کے دونوں طرف سیاست کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ جیلوں سے نہیں ڈرتے، سیاست دان جیلوں سے ڈرتے ہیں، شوگر مافیا پنجاب میں سبسڈی لے گیا ہے، اس ملک کا سب سے بڑا دشمن شوگر مافیا ہے۔