لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میاں برادران جان دے دیں گے پیسے نہیں دیں گے، شہباز شریف میں اخلاقی جرات ہے تو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا عہدہ چھوڑ دیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سارے ملک میں ریل کا جال بچھا دیں گے، وزیر اعظم 12 فروری کو تھل ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ 2 مال بردار ٹرینیں چلا دی ہیں، مزید مال بردار ٹرینیں چلانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ ایم ایل ون سے متعلق اسی ہفتے اجلاس ہوگا۔ ریلوے شکایت سیل کو اچھا رسپانس مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دیا جا رہا ہے جیسے ہم پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں لڑائی کرنے جا رہے ہیں، تحریک انصاف میں بہت کام کے لوگ ہیں لیکن پی اے سی میں میرا جانا ضروری ہے۔ یہ بزدل سیاستدان ہیں، کرپشن کیسز میں ہیرو بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پٹواری کی سیاست اور بیورو کریسی کی سیاست کے سوا شہباز شریف کا تجربہ نہیں، میرا کمیٹی میں جانا اس لیے ضروری ہے کہ ووٹ چور کو جکڑ لوں۔ بلاول آپ کرپشن کے خلاف لانگ مارچ کے لیے نکلیں آپ کا ساتھ دوں گا۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ جو 23 کیسز میں مطلوب ہے وہ پی اے سی کا چیئرمین بن بیٹھا، شہباز شریف کے پروٹوکول میں شامل رینجرز کی گاڑی ہٹائی جائے۔ شہباز میں اخلاقی جرات ہے تو عہدے کو چھوڑ دیں، عمران خان نے میاں برادران کو جیل میں ڈالنے کی بڑی غلطی کی۔ یہ جان دے دیں گے پیسے نہیں دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے عمران خان ون مین آرمی کہتا ہے، اللہ مجھ سے ایم ایل ون اور نالہ لئی ایکسپریس وے کا کام لے تاکہ ریٹائر ہوں، جس کو چاہے لے لیں مگر تجربہ کوئی نہیں ہرا سکتا۔