جمعہ, مارچ 21, 2025
اشتہار

مزید 20 ٹرینیں چلائیں گے: شیخ رشید

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ رواں سال ریلوے خسارہ نمایاں طور پر کم ہوگا، 20 ٹرینیں 6 ماہ میں چلائیں اور 20 مزید چلیں گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تفتان کوئٹہ ریلوے لائن کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، درگئی سے کراچی ریلوے لنک جوڑنے جا رہے ہیں۔ درگئی سے نوشہرہ کوہاٹ ریلوے لنک بھی قائم کر رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ چین کے 5 ریلوے انجن کی اپ گریڈیشن اور مرمت جاری ہے، رواں سال ریلوے خسارہ نمایاں طور پر کم ہوگا۔ ’70 سال سے ہم مکھیاں مار رہے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ کمزور طبقے کے لیے بھی ایک نئی ٹرین شروع کر رہے ہیں، نئی ٹرین چھوٹے ریلوے اسٹیشنوں پر بھی رکے گی۔ راولپنڈی کراچی نان اسٹاپ سر سید ایکسپریس چلائیں گے۔ 14 نئی مال بردار گاڑیاں بھی شروع کرنے جا رہے ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 20 ٹرینیں 6 ماہ میں چلائیں اور 20 مزید چلیں گی، اوور سیز پاکستانی ریلوے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں تو حوصلہ افزائی کریں گے۔ ریلوے میں ریسرچ اینڈ پلاننگ سینٹر بنایا گیا ہے۔ چین، ایران اور کوریا کے تعاون سے بڑا ریلوے نیٹ ورک قائم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہے وزیر اعظم کے آئندہ دورہ چین میں ایم ایل ون سائن ہوجائے، ملک بھر میں ریلوے ٹریک تبدیلی کے لیے ٹینڈر جاری کیے جا چکے ہیں۔ ٹریک تبدیلی منصوبے میں ایک لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 2 بار بلاول بھٹو کی بات نظر انداز کی، تیسری بار معافی نہیں۔ ان کا ایک ہی رونا ہے کہ باہر جانا ہے۔ ان کی سوئی دو مہینے سے باہر جانے کی ضد پر اٹکی ہوئی ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ ان کی دولت باہر ہے گھر باہر ہے، اولاد باہر ہے ان کے معاملات باہر ہیں۔ ان کے رنگ پسٹن بیٹھ چکے ہیں، پلگ میں کچرا پھنسا ہوا ہے۔ نٹ بولٹ لندن میں پڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کی آمدنی بہتر ہے وزیر خزانہ صورتحال دیکھ رہے ہیں، ہم نے ایک مرلہ زمین بیچی اور نہ ہی کرائے پر دی۔ کروڑوں روپے کے تیل کی بچت کی۔ میری خواہش ہے ریلوے اپنا بجٹ خود پیش کرے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں