اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم احتجاج میں اچکزئی جیسی تقریریں شروع ہوگئیں تو حالات کنٹرول سے باہر ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم ناکام ہوچکی اب یہ بے نقاب بھی ہورہے ہیں، یہ لوگ پاک فوج کے خلاف بھی غلط زبان استعمال کرتے ہیں، جو غیرپارلیمانی اورغیر اخلاقی بات کرے گا معاف نہیں کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آج کے شو کے بعد آپ کے لانگ مارچ کو ویلکم کرتے ہیں، ہمیں معلوم ہے آپ کا لانگ مارچ بھی کیسا ہوگا، لانگ مارچ آپ نے کل کرنا ہے آج کریں ویلکم کروں گا، فضل الرحمان لانگ مارچ کریں حلوہ میں دوں گا، حلوہ بھی کشمش پستے والا زبردست کھلاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے انہیں مکمل جلسے کی اجازت دی تھی، کوئی ایک کنٹینر بھی ثابت کردے تو ایک لاکھ جرمانہ دوں گا، ہم نے پی ڈی ایم کو فری ہینڈ دیا پھر بھی دیکھ لیں یہ ناکام رہے۔
یہ پڑھیں: محمود خان اچکزئی انتشار پھیلانے سے باز نہ آئے
وزیر داخلہ نے کہا کہ آج راولپنڈی میں میٹرو بس بھی بند نہیں ہوئی یہ سیاسی طاقت ہے، میں نے میٹرو بس زیادہ منگوالی تاکہ چھٹی کے بعد یہ واپس چلے جائیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ مشرف نے این آر او دے کر غلطی کی، عمران خان غلطی نہیں کریں گے، وزیراعظم کوئی بھی بڑا فیصلہ کریں گے لیکن این آر او نہیں دیں گے۔