اسلام آباد : وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری عالمی سازش میں ملوث افراد کیخلاف غداری کے مقدمے کی درخواست دے ابھی دستخط کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نئے الیکشن کےسواکوئی حل نہیں ہے، عدم اعتماد کےبعد بھی وزیراعظم اپنے عہدے پرکام جاری رکھیں گے، عمران خان تب تک کام جاری رکھیں جب تک نیا وزیراعظم نہ آئے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کےبعد کیا ہوگا آئین خاموش ہے، اپوزیشن والے پھنس گئے ہیں،ان کی بےوقوفیاں ہیں، عمران خان بیٹھے بٹھائی مقبول ہوگئے ہیں۔
زرداری کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ آصف زرداری کو بھتہ پہنچ رہا ہے، کیا اداروں کو نہیں پتا آصف زرداری کو بھتہ کون پہنچا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان 24 گھنٹوں میں ہرگھنٹے بعد صورتحال تبدیل ہوگی، پی ٹی آئی کے تمام ارکان مستعفی ہوجائیں اگر سچے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ 4راستےہیں اسٹیبلشمنٹ مداخلت کرےاورفوری الیکشن کرائے، دوسراراستہ ہے جو جماعتیں سازش میں ملوث ہیں ان پر پابندی لگائی جائے، تیسراراستہ ہے پی ٹی آئی کےتمام ارکان مستعفی ہوجائیں، اور چوتھا غیرملکی طاقتوں سے پیسے لے کر عدم اعتمادلانے والوں کو کالعدم قرار دیا جائے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کےتمام ارکان مستعفی ہوجائیں پھر دیکھیں کیسے ملک چلتا ہے، ملک کو لوٹنے والوں کو خلاف اعلان جنگ کرتا ہوں ، یہ22کروڑعوام کو بٹیرےسمجھنےوالےلوگ ہیں، اکیلی سیٹ پر سیاست کی ہے، سیاسی مردوں کو دفن کرنا میری ذمہ داری ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ میں سیاست سے رٹائر ہونا چاہتا تھا ، رمضان یاعید کے بعد کسی ایک ٹی وی پر بطوراینکر آرہا ہوں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پتا نہیں کیا نالہ لئی منصوبہ منحوس ہے،میرے سیاست کے50سال اس میں غرق ہوگئے ،نالہ لئی پرجب بھی کام شروع کرنے لگتا ہے ، حکومت بدل جاتی ہے اور اس منصوبےکے نام بھی تبدیل ہوتے رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ میں ایک سال سے کہہ رہا ہوں الیکشن کروا لیں، اس اپوزیشن نے عمران خان کو زندہ کردیا ہے، عمران خان چوراہوں ،سڑکوں پرلڑے گا میں اس کے ساتھ ہوں گا۔
انھوں نے کہا فواد چوہدری سازش میں ملوث افراد کیخلاف غداری کے مقدمے کی درخواست دے ابھی دستخط کروں گا۔