راولپنڈی : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 28 مارچ تک پتہ چل جائے گا، حالات کس جانب جاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے مذاکرات کے لئے تیار ہونے کے بیان پر کہا کہ عمران خان کٹھ پتلیوں سے بات نہیں کرناچاہتے.
پی ڈی ایم کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی جماعتیں اپنے اپنے نشان پر انتخابات میں اتر رہی ہیں، 6 پارٹیوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
سابق وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف کی اسٹاف لیول کی میٹنگ نہیں ہورہی ہے، کل شہباز شریف اور اسحاق ڈار نے اچھی بات کہی کہ ہم اپنے اثاثوں پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔
مینار پاکستان پر جلسے کے حوالے سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جلسے کی اجازت اس اتوار نہیں تو اگلے اتوار کی مل جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جنازہ نکل گیا، 28 مارچ تک پتہ چل جائے گا،حالات کس جانب جاتے ہیں۔
لندن پلان کے حوالے سے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسکول کے زمانے سے سیاست میں ہوں لندن پلان کا سنتا آرہا ہوں، لندن پلان ہے کیا عمران خان سے پوچھوں گا، کون کون پارٹنرز ہیں۔
سابق وزیر داخلہ نے اپنی ضمانت سے متعلق بتایا کہ پنجاب حکومت نے میری ضمانت منسوخی کی درخواست دی ہے، کل میری ضمانت منسوخ ہوئی تو خوشی سے سسرال چلا جاؤں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اوربلورانی نے 6 شہروں میں مقدمے کئے ہیں، سیاست قربان کر نے کی بات کررہے ان کی سیاست بچی کب ہے۔
شیخ رشید نے بتایا کہ نواز شریف کا معافی نامہ الیکشن والے دن جاری کروں گا، وہ برگر کھانے کیلئے ساڑھے 4 سال سے نظر بند ہے اور ہم یہاں جیل میں روز دیسی گھی کے پراٹھے کھاتے ہیں۔
عمران خان سے رابطے کے سوال پر سابق وزیر نے کہا کہ اب تو آڈیو ویڈیو آجاتی ہے، پتہ نہیں نئے فونز میں کیا رکھا ہے، پرانے فون اچھے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیرداخلہ وزرات داخلہ کی کیا مجال کہ سپریم کورٹ کو کہے سیکیورٹی نہیں دے سکتے۔