اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وہ بہت پہلے سے کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف ملک سے باہر چلے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق آج حکومت کی جانب سے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے کے بعد شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں بہت پہلے سے کہہ رہا ہوں نواز شریف چلے جائیں گے، قطر والوں نے پچھلےمنگل کو آنے کی اجازت مانگی تھی، قطر کی ایئر ایمبولینس ان کے لیے تیار کھڑی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انھیں ابھی معلوم نہیں کہ نواز شریف کب باہر جائیں گے، انھوں نے کہا میں اس سلسلے میں شام کو بتاؤں گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو فضل الرحمان کی دعائیں لگی ہیں، اللہ دونوں کو صحت دے، جہاں تک نواز شریف کے سیاسی بحران کے شکار ہونے کا سوال ہے تو اس کی وجہ مریم نواز ہے۔
تازہ ترین: حکومت کا نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا بڑا فیصلہ
شیخ رشید نے کہا کہ میں یہ بھی ایک سال سے کہہ رہا ہوں کہ نواز شریف سے کوئی پیسا نہیں نکلے گا، ملک کا لوٹا ہوا پیسا آصف زرداری کے دوستوں سے نکلے گا۔
خیال رہے کہ حکومت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا ہے، وزیر اعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔
ذرایع وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا نام 48 سے 72 گھنٹوں میں ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا، جس کے بعد وہ آیندہ ہفتے بیرون ملک روانہ ہو سکتے ہیں۔