اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمان کو وحشی جٹ قرار دیتے ہوئے کہا جیتے یا ہارے فائدہ عمران خان کو ہی ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا او آئی سی کی تاریخی کانفرنس ہونے جارہی ہے، 20مارچ سے رینجرز،پولیس اور ایف سی کو خصوصی اختیارات دے رہا ہوں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسپیکر فیصلہ کریں گے، تمام لوگوں کو پروٹیکشن دی جائے گی ، ہمارا کسی سے ذاتی کوئی مسئلہ نہیں، پارلیمنٹ لاجز میں فیملیز رہتی ہیں،وہاں آپ اپنی ملیشیا لے آئیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے، اب جیتے یا ہارے فائدہ عمران خان کو ہی ہوگا۔
مولانافضل الرحمان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان وحشی جٹ بنے ہوئے ہیں، 3 مہینے پہلے سے کہہ رہا تھا آپ 23 نہیں 25 مارچ سے آئیں گے ، راستوں کا تعین کریں، سیف پیکیج دیں گے ، محفوظ راستوں سے لائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ مولانا سے کہتا ہوں یہ سب بھاگ جائیں گے،آپ دھرلئے جائیں گے اور 63اےکی خلاف ورزی کرنیوالا ووٹ نہیں ڈال سکےگا، نسلی اور اصلی لوگ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد لانے کا حق ہے، یہ نہ ہوعدم اعتمادجوہےملکی عدم استحکام کی طرف منتقل ہوجائے، اگر ایسا ہوا تو اس کی سزاآپ کوملےگی، پھر آپ چوکوں پر اذانیں دیں گے لیکن آپ کی بات نہیں سنی جائیں گی۔
انھوں نے مزید کہا کسی کوالجھنے اور لڑنے کی ضرورت نہیں، 27 مارچ کو اتوار ہےاس دن عدم اعتماد پر ووٹنگ نہیں ہوسکتی ، نہ ہم آپ کوچھیڑیں گےاور نہ ہی آپ قانون کوچھیڑیں گے، اگرآپ قانون کوچھیڑیں گےتوہم آپ کونہیں چھوڑیں گے۔
لانگ مارچ کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے تئیس مارچ کو اسلام آباد نہ آنے کا فیصلہ کرکے عقل مندی کامظاہرہ کیا، اپوزیشن نے جلسہ کرنا ہے تو ڈی سی اسلام آباد سے ملاقات کریں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، لوگوں کوتحفظ دیناوزارت داخلہ کاکام ہے،چاہےکچھ بھی کرناپڑے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاکستان کوانٹرنیشنل تھریٹس ہیں، یہ دیکھناصرف حکومت نہیں اپوزیشن کاکام ہے، ایسانہ ہوعدم اعتمادجمہوری عدم اعتمادکی طرف منتقل ہوجائے۔