اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کوئی تھریٹ الرٹ بھی جاری نہیں ہوا تھا، سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کوغیرمستحکم کرنےکی کوشش ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پشاور دھماکے کے بعد اے آر وائی نیوز سےخصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت پاکستان کوغیرمستحکم کرنےکی کوشش ہے، کوئی تھریٹ الرٹ بھی جاری نہیں ہوا تھا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک غیرملکی کرکٹ ٹیم آئی ہے، خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے ، غیرملکی قوتیں پاکستان کاامن خراب کرناچاہتی ہیں۔
مسجد میں دھماکے کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا دھماکے میں بڑی تعداد میں لوگ شہید ہوئے ، دھماکے کی معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں اس کے بعد بات کی جائے گی۔
یاد رہے پشاور کے مشہور و معروف قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں بچوں سمیت 30 افراد شہید ہوگئے۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال نے بتایا کہ دھماکے میں 30 افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ 50 سے زائد زخمی ہیں، بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ، جس کے باعث خدشہ ہے کہ شہادتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔