راولپنڈی : سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 2 سے 3 بجے کے درمیان لال حویلی پہنچوں گا اور پرامن ریلی کی قیادت کرکے اسلام آباد جاؤں گا، 3سے 5دن میں اہم فیصلے ہو کر رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے حقیقی آزادی مارچ کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ آج پاکستان کی سیاست کا اہم دن ہے،3سے 5دن میں اہم فیصلے ہو کر رہیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ڈرپوک بھگوڑے کبھی سعودی عرب میں پنا لیتے ہیں اور کبھی بیماری کے بھانے یہ لوگ لندن بھاگ جاتےہیں، عدالت میں فرد جرم عائد ہونا ہو تو ان کو چپ پڑ جاتی ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ لوگ اداروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرتے ہیں اور اقتدار کے لئے جوتے چاٹتے ہیں، مطلب ہو تو پاؤں میں پڑ تے ہیں نہ ہو تو گلے پڑتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بنے جا رہا ہے ایک قوم بننے جارہی ہے، ایسے حالات پرفوج ،عدلیہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے، نیوکلیئر ملک اور اس کی معیشت کو سازشیوں کے ہاتھوں تباہ کیا جارہا ہے۔
شیخ رشید نے اعلان کیا کہ 2سے 3بجےکے درمیان لال حویلی پہنچوں گا اور پرامن ریلی کی قیادت کرکے اسلام آباد جاؤں گا ، لال حویلی کے راستے بند کئے گئے ہیں، لال حویلی اور اسلام آباد دفتر میں کئی بار چھاپے مارے گئے ہیں لیکن قافلے کی قیادت کےلئے اپنے وقت پر میں پہنچوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے لوگوں سے درخواست ہے نکلیں اورعظیم تحریک کاحصہ بنیں ، یہ تحریک چوروں، لٹیروں ،سازشیوں کو نیست و نابود کرنےجارہی ہے۔