لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم 20 مارچ کو وی آئی پی جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔ ساری دنیا بھارت کو انتہا پسند مانتی ہے، بھارت کے سارے اینکر میدان جنگ میں تھے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون، ٹو اور تھری کا ٹینڈر دینے جا رہے ہیں، سمجھوتہ ایکسپریس پیر سے بھارت روانہ ہوگی۔ ترکی سے معاہدے ترک کرنسی میں ہوں گے، 20 مارچ کو وی آئی پی جناح ایکسپریس کا وزیر اعظم افتتاح کریں گے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہم لوگ عالمی معیار کے مطابق پٹری کو اسٹینڈرڈ گیج پر کریں گے، بغیر ٹکٹ سفر کرنے سے نقصان کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رحمٰن بابا اور سکھر ایکسپریس بہت کامیابی سے چل رہی ہیں، 8 ٹرینیں 14 ٹرینوں تک پہنچ گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے نے 4 ماہ میں ایک ارب روپے کمائے، پاکستان کے اندر ریلوے کا جال بچھا دیں گے، ایئر پورٹ بند ہونے کے بعد ریلوے نے کمی پوری کی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور عمران خان متحد ہیں، میں وہ سیاستدان ہوں جو کشمیر کو اندر سے جانتا ہوں۔ بچہ بھی ان کا تھا، بارود بھی ان کا تھا جگہ بھی ان کی تھی۔ بھارت کے سارے اینکر میدان جنگ میں تھے، بھارت میں 400 چینل پاکستان کے چینلز کا مقابلہ نہیں کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو کہتا ہوں تم امن سے رہو ہم امن سے رہیں گے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے بڑا متحمل اور ذمے دارانہ بیان دیا۔ ہماری میزائل قوت بھارت سے زیادہ مضبوط ہے۔ ساری دنیا بھارت کو انتہا پسند مانتی ہے، بھارتی میڈیا اپنے مقام سے گر گیا، پاکستان کے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نے ذمے داری کا ثبوت دیا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تھر ایکسپریس 600 مسافر لے کر کھوکھرا پار سے مونا باؤ روانہ ہوگئی، پیر کو سمجھوتہ ایکسپریس واہگہ سے بھارت جائے گی۔ پروازیں بند ہونے پر اضافی ویگنیں لگا کر مسافروں کی ضرورت پوری کی، ایمرجنسی کی صورت میں ملتان سمیت تمام اسٹشینوں پر ٹرینیں دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کے پاس 7 دن کا تیل تھا، وفاق نے 1.2 ارب کا ادھار تیل دیا، ایم ایل ون روک دیا ہے 27 اپریل کو چین جانے سے پہلے فیصلہ ہوجائے۔ رسالپور اور مغلپورہ ورکشاپ میں پرانی مشینوں پر روس سے معاہدہ کریں گے، مغربی محاذ ریلوے تبدیل کرنا ہے، کوئٹہ سے جیکب آباد تافتان کا ٹینڈر دیں گے۔