اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی شدت میں کمی نہ آئے تو ریلوے آپریشن 15 اپریل سے شروع نہیں ہوسکے گا۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ پربیٹھ کرکیڑےنکالنے والوں کا وقت ختم ہوگیا، یہ وقت ہے کہ سب ساتھ مل کر کھڑے ہوں اور ہم کرونا کو شکست دیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر امداد ٹھیک (ضرورت مندوں تک) پہنچی تو غریب کابھلا ہوگا اور حکومتی کارکردگی میں ایک ستارہ اور لگ جائے گا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاک فوج اورحکومت ایک لائن لینتھ پر ہے اور کرونا کے خلاف سب مل کر اقدامات کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ’کرونا کی وبا میں کمی نہ آئی تو 15 اپریل سے ریلوے آپریشن شروع نہیں ہوسکے گا‘۔
یاد رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر ریلوے نے ملک بھر میں اپنے آپریشنز بند کردیے جبکہ محکمے نے اے سی سلیپر کوچز کی بوگیوں کو آئسولیشن وارڈ میں تبدیل کردیا تاکہ اُن میں متاثرہ مریضوں کا علاج ہوسکے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کرونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 161 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 4 اموات بھی ہوئیں۔
ملک بھر میں کرونا کے مریضوں کی تعداد اضافے کے بعد 2708 تک پہنچ گئی جن میں سے 13 کی حالت تشویشناک ہے۔ اب تک 41 مریض دورانِ علاج دم توڑ چکے ہیں جبکہ 130 صحت یاب بھی ہوئے۔