کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے لیے بڑا اعلان کیا ہے جس کے تحت اب عمر رسیدہ اور خصوصی افراد آن لائن ٹکٹ کی ریزرویشن کراسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید نے خصوصی افراد کو ٹکٹ ریزرویشن کی اسپیشل سہولت فراہم کرنے کا اعلان کردیا، ریلوے انتظامیہ کے مطابق عمر رسیدہ، خصوصی افراد ای ٹکٹنگ سے رعایتی نشست بک کرواسکیں گے۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق خصوصی اور عمر رسیدہ افراد کے لیے ای ٹکٹنگ کا نظام متعارف کرایا جارہا ہے، ای ٹکٹنگ کے لیے اصل شناختی کارڈ دکھا کر فارم متعلقہ ڈویژنل کمرشل آفس سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی سی او خصوصی اور عمر رسیدہ افراد کا شناختی کارڈ چیک کرکے فارم جاری کرے گا، عمر رسیدہ اور معذور افراد کا بائیو میٹرک لازمی ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل شیخ رشید نے شیخوپورہ ریلوے اسٹیشن کے لیے ایک کروڑ فنڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیخوپورہ ریلوے اسٹیشن کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ شیخوپورہ کے لیے 16 ٹرینیں پہلے سے ہی چل رہی ہیں، قراقرم اسٹاپ کی بحالی میٹنگز میں طے پائے گی، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ایم ایل ون منصوبہ ناگزیر ہے۔