راولپنڈی: وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے سیاحت کے فروغ کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 100 سال پرانی اسٹیم انجن ٹرین چلادی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرریلوے شیخ رشید نے اسٹیم سفاری ٹرین کا افتتاح کردیا، افتتاح کے بعد پہلے سفر میں اسٹیم سفاری ٹرین راولپنڈی ریلوے اسٹیشن سے اٹک کے لیے روانہ ہوگی۔ اس سفر میں جرمنی، اٹلی، برطانیہ، جاپان، آسٹریلیا کے بلاگرز شامل ہیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 100سال پرانےاسٹیم انجن بحال کیے جارہے ہیں، تمام ممالک کا شکریہ جنہوں نے پاکستان ریلوے کی اسٹیم انجن کی بحالی میں مدد کی۔
سیاسی موضوعات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست اور جنگ میں ٹائمنگ بہت اہم ہوتی ہے، کل ہائی کورٹ نے نواز شریف کو جانے کی اجازت دی، پچھلے ایک مہینے سے نوازشریف ٹی وی پر تھرمومیٹر بنے ہوئے تھے، اسٹاک ایکسچینج کی طرح کبھی پلیٹ لیٹس اوپر جارہے تھے کبھی نیچے۔
شیخ رشید نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بڑاردعمل تھا کہ ڈیل ہورہی ہے، حکومت کے لیے اچھی بات یہ ہے کہ ڈیل کی باتیں ختم ہوگئیں، نوازشریف کو 4ہفتوں کے لیے اجازت دی گئی، عدالت کے سوا کسی کا کوئی رول نہیں، یہ نوازشریف کی جیت ہے نہ ہماری ہار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سعودی عرب جاتے وقت حمزہ شہباز کو ضمانت پر رکھ کرگئے تھے، نہ ڈیل ہوئی ہے نہ ڈھیل، عدالت نے دونوں پارٹیوں کی عزت کو بحال رکھا، نوازشریف نے حلفیہ بیان دیا 4ہفتے بعد واپس آئیں گے، نواز خاندان سمجھتا ہے کفن میں جیبیں لگی ہیں۔
وزیرریلوے نے مولانا فضل الرحمان سے متعلق کہا کہ مولانا نے پوری کوشش کی، کچھ کیا نہیں گلاس توڑا 12آنے کا، مولانا کو جانا ہی تھا، یہ لوگ کسی کے کہنے پر واپس نہیں گئے، پاکستان کی سیاست میں خوشگوار دور آنے والا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آصف زرادی کیس میں 5لوگ پلی بارگین کے لیے کوشاں ہیں، حمزہ شہباز اور خورشید شاہ کے سوا لوگ پلی بارگین میں لگے ہیں، عمران خان کا ایجنڈا ہے کسی چور کو نہیں چھوڑیں گے، دوتین مہینے اہم ہیں، 15جنوری تک حالات بہتر ہوجائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے میں 80لاکھ مسافروں کا اضافہ کیا ہے، تبلیغی جماعت کا شکریہ انہوں نے سلنڈر پر پابندی لگائی، غیرملکی بلاگرز پاکستان کے مختلف حصوں میں شوٹنگ کریں گے۔