راولپنڈی : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کرپشن کے تانے بانے دہشت گردی سے جا کر ملتے ہیں اور دہشت گردی کی اعانت اور فنڈنگ میں کرپشن سے کی گئی کمائی استعمال ہوتی ہے اس لیے کرپٹ لوگوں کو بھی منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہے۔
یہ بات انہوں نے پاک فوج کی جانب سے آپریشن ’’رد الفساد‘‘ کے آغاز کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہی انہوں نے اے آر وائی نیوز سے اپنی گفتگو میں کہا کہ دہشت گردی اور کرپشن آپس میں ساز باز رکھتے ہیں اور دہشت گردی کا خاتمہ کرپشن کے خاتمے سے منسلک ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاک فوج کا آپریشن‘‘ردالفساد‘‘ شروع کرنے کا اعلان
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے آپریشن ’’رد الفساد‘‘ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن کا آغاز ہوگیا ہے اور خود کوطاقتور سمجھنے والوں کودوبارہ کچلا جائےگا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ بڑھتی ہوئی دہشت گردی پاکستان کی سالمیت کے لیے خطرہ ہے یہ ملک و قوم کی بقا کا سوال تھا اس لیے اب ہم آرام سےنہیں بیٹھیں گے اور دہشت گردوں، سہولت کاروں اور حمایتیوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں کرپشن کا جنازہ عدالت سے نکلے گا اور کرپشن کے خاتمے سے ہی دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے جس کے لیے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔