اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حواس باختہ ہو رہے ہیں کیوں کہ انہیں علم ہے کہ جلد پانامالیکس کا فیصلہ بہت جلد آنے والا ہے اور فیصلہ کیا آنا ہے۔
شیخ رشید نے پاناما کیس پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگی رہنماؤں کوحواس باختہ ہونےکی ضرورت نہیں اور اگر مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نےماحول خراب کرنےکی کوشش کی توان کا اپنا ہی نقصان ہوگا۔
سربراہ عوامی لیگ نے کہا کہ عدالتی فیصلےکوتمام فریقین کوتسلیم کرناچاہیےجو کہ ملک کے لیے بہتر ہوگا جس کے لیے سیاست دانوں کومسئلےمسائل عقل مندی اور بردباری سے حل کرنے چاہیئے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ملک اس وقت گھمبیر مسائل سے گذر رہا ہے اور ایک ہی وقت میں کئی نازک معاملات چل رہے ہیں جیسے پانامالیکس اور ڈان لیکس وغیرہ جو ملک کی سلامتی اور بقا کا معاملہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں جو بھی فیصلہ آئے فریقین کو اسے خوش دلی کے ساتھ قبول کرنا چاہیے تا کہ ملک میں افراتفری، انتشار اور غیر یقینی حالات سے نہ گذرے جس کے لیے سیاست دانوں کو بردباری سے کام لینا ہوگا۔
شیخ رشید نے کہا کہ ڈان لیکس پر تحقیقات جاری ہیں جس کے مرکزی ملزم کو کیفر کردار تک پہنچانا بے حد ضروری ہے تاکہ آئندہ قومی سلامتی سے کھیلنے کو نصیحت حاصل ہو اور اس امر کے لیے پوری قوم اپنے معزز اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔