اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم پاناما کیس عدالت میں انصاف، ثبوت اور دلائل کے ساتھ لڑ رہے ہیں دوسری جانب کیس عدالت سے باہر وفاقی وزراء دھونس ، دھمکی اور بد زبانی سے لڑ رہے ہیں جن کی زبان ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے کر جارہی ہے۔
یہ بات انہوں نے پاناما کیس کی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزراء کی زبان سپریم کورٹ پر حملے سے زیادہ خطرناک ہے لیکن یہ سجاد علی شاہ کی عدالت نہیں کہ کوئی حملہ کر سکے جب کہ آج پوری قوم چار رکنی بینچ کے پیچھے کھڑی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج حکومتی وکلاء مخدوم علی خان اور شاہد حامد نے دو پٹاریاں کھلی ہیں لیکن دونوں میں سے کچھ برآمد نہیں ہوا سوائے اس کے کہ دستخط جعلی ہیں اور یہی تو شیخ رشید کا کیس ہے کہ شریف خاندان دستاویزات پر جعلی دستخط کرتا ہے اسی طرح قطری شہزادے کا خط بھی جعلی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ عدالت کا جوبھی فیصلہ ہو ہمارے لیے قابلِ قبول ہوگا اور مجھے پوری امید ہے کہ کرپشن کا تابوت اس عدلیہ سے نکلے گا۔