لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان معیشت پراچھی خبردیں گے اور اس مہینےآٹااورچینی چوروں کےناموں کااعلان کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پچھلےسال کی نسبت مسافراورفریٹ میں3ارب زیادہ کمارہےہیں، فری ٹریک پالیسی لارہے ہیں اور9 ٹرینوں کو پرائیویٹ سیکٹر کو دینے جارہے ہیں، بزنس، اے سی اسٹینڈرڈ کیلئے دو طرفہ ٹکٹس پر 25فیصدچھوٹ ہوگی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان اسی مہینے چینی اور آٹا مافیا کو شکنجے میں لیں گے ، لوگوں کامطالبہ ہے چینی اورآٹاچوروں کو بے نقاب کیاجائے، اس مہینے آٹا اور چینی چوروں کے ناموں کا اعلان کریں گے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ایم ایل ون میری زندگی کا مشن ہے ، وزیراعظم کو کہا میں ریلوے میں ایم ایل ون کے لیے آیا ہوں ،ایم ایل ون میں کوئی ریلوے کراسنگ نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ ٹرین بہتر چل رہی ہے، ہمارے ساتھ ٹریفک مافیا کی بھی لڑائی ہے ، شکر کریں میری ایک سیٹ ہے ،اگر2 ہوتیں تو دنیا کو چکرا دیتا، زندگی میں 8 دفعہ وزیر بنا ہوں، میرا مشن نالہ لئی اور ایم ایل ون ہے۔
شیخ رشید نے کہا وزیراعظم عمران خان معیشت پراچھی خبردیں گے، نیب آرڈیننس پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی مل کر بنارہی ہے، مافیا اتنے مہنگے وکیل رکھتے ہیں تو وہ ویسے ہی متاثرہوتےہیں، نیب کوبھی اچھے وکیل رکھنےچاہئیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کچھ نیا نہیں ہونے جارہاہے، شاہدخاقان جتنی باتیں کررہے ہیں عنقریب فیصلےآئیں گے اور بلاول کے ہاتھوں پیپلزپارٹی کی پنجاب میں دال نہیں گل سکتی۔
انھوں نے مزید کہا کہ فنانس، پلاننگ پیسے دیں گے اور 6ماہ میں کے سی آر چلانےکی کوشش کریں گے ، پہلوان وہ ہوتے ہیں جو اکھاڑے میں کھیلتےہیں۔
مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کشمیرکے3دورےکرکےآیاہوں ، بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ برا سلوک ہو رہا ہے، یہاں کے مسلمانوں کے سوچنے کا مقام ہے ، پاکستان کتنی بڑی جنت ہے، کشمیر پر عمران خان کی کوئی کمزور پالیسی نہیں۔