اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک کو نواز شریف اور آصف زرداری نے لوٹا ہے، نواز شریف اور زرداری کی سیاست ملک میں نہیں چل سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف بھی شہباز شریف کے ٹی او آرز پر چلنے کے لیے تیار ہیں، شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنا این آر او بھی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ جو پارٹی بھٹو نے زندہ کی تھی اسے زرداری نے تباہ کردیا ہے، پیپلزپارٹی اس نوبت تک آگئی ہے کہ 2 ہزار کا جھانسہ دے کر بندے لارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے صرف شہباز شریف کو این آر او مانگتے دیکھا ہے، نواز شریف کے این آر او کی مجھے کوئی اطلاع نہیں ہے، عمران خان کی حکومت کے لیے شہباز شریف اب کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ میں بلاول نہیں ہوں جو بھارت کی حمایت میں بیان دوں، پاکستان کی سرزمین دہشت گردی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، کشمیریوں نے جدوجہد آزادی کے لیے بہت قربانیاں دیں، کشمیریوں کی تحریک کو اب کوئی نہیں دبا سکتا۔
شیخ رشید نے کہا کہ ملک کی معاشی صورت حال اچھی نہیں ہے، اسد عمر ملاقات کے لیے آئی ایم ایف کے پاس جارہے ہیں، آئی ایم ایف آسان شرائط پر جایا جائے، عمران خان قوم کے لیے آئی ایم ایف سربراہ سے ملنے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اسد عمر معیشت کو سدھارنے کی بہت کوشش کررہے ہیں، معیشت کو درست ہونے میں ایک سے دو سال لگ جائیں گے، یہ سال مشکل ہے، بجٹ تک کے تین ماہ بڑے مشکل ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ پوری کوشش کررہا ہوں ریلوے کے نظام میں بہتری ہو، کوشش ہے 5 سال میں ریلوے کو ٹھیک کردوں، ریلوے کے اندر بھی بہت سیاست ہے، ریلوے کو خسارے سے نکالنے کی کوشش کریں گے۔