ہفتہ, جولائی 27, 2024
اشتہار

’امید ہے سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام پر آج کچھ فیصلہ ہوگا‘

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام ہی قومی سلامتی ہے امید ہے اس پر آج کچھ فیصلہ ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے آج قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس دوبارہ طلب کیا گیا ہے جس پر سینیئر سیاستدان نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام ہی قومی سلامتی ہے امید ہے اس پر آج کچھ فیصلہ ہوگا۔

- Advertisement -

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 87 ارب ترقیاتی کاموں پر اراکین کو، 2 ارب بلاول کے دوروں اور 2 ارب کمپنی کی مشہوری پر لگا دیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی اپنی دولت بیرون ملک بینکوں میں محفوظ ہے۔ 77 وزرا کے بحری بیڑے اور آئی ایم ایف کی شرائط صرف غریب کے لیے ہیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ کپڑے بیچنے کا کہنے والا شہباز بھی اعتراف کر رہا ہے کہ شدید معاشی بحران ہے۔ اسحاق ڈار کو یہ بات سمجھ نہیں آ رہی۔ پی ڈی ایم کا عمران خان پر ہر ناکام حملہ ان کے گلے پڑ رہا ہے۔

سینیئر سیاستدان نے کہا کہ 15 جنوری کو ایم کیو ایم کا بھی پتہ چل جائےگا۔ مسائل کا حل صرف الیکشن ہیں ورنہ ڈیفالٹ دروازے پر ہے۔

 

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج دوبارہ ہوگا، جس میں گذشتہ اجلاس میں دی گئی تجاویز اور فیصلوں کی حتمی منظوری دی جائے گی۔

اجلاس میں عسکری اور سول حکام شریک ہوں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں ملک کی معاشی صورتحال کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے پر تبادلہ خیال ہوگا اور ساتھ ہی پاک افغان سرحدی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں تین دن پہلے ہونے والے این ایس سی کے اجلاس میں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے دی گئی تجاویز اور فیصلوں کی حتمی منظوری دی جائے گی جبکہ وزارتیں اپنی رپورٹ پیش کریں گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں