تازہ ترین

ن لیگ پر بھی سازش کے تحت ملبہ گرایا جارہا ہے، شیخ رشید

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سارا ملبہ ن لیگ حکومت پر گررہا ہے، پی پی فضل الرحمان کا نام تک نہیں ہے، ن لیگ پر بھی سازش کے تحت ملبہ گرایا جارہا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ اگلے 45 دن بہت اہم ہیں، اگست میں بڑے فیصلے ہونگے عام انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں، اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 17جولائی کا دن بھی اہم ہے، پورے ملک کی نظریں اس وقت 17 جولائی پر لگی ہیں، اس دن جو فیصلہ ہوگا اس کے بعد ہی سمت کا تعین ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 17 جولائی کو انشااللہ پی ٹی آئی کامیاب ہوگی، عمران خان عرصے سے کہہ رہا ہے یہ چور ہیں عوام اب انہیں پہچان چکے ہیں، امریکا نے ان چوروں کو مسلط کرکے بہت غلط کام کیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ سارا ملبہ ن لیگ حکومت پر گررہا ہے، پی پی فضل الرحمان کا نام تک نہیں ہے، بلاول بھٹو نے پوری دنیا کے دورے کرلیے روانڈا جیسے ملک تک گیا، لیکن کیا اس سے کسی نے پوچھا ہے کہ وہ کبھی وزارت خارجہ بھی گیا ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے  کہا کہ آج اسرائیل کو تسلیم کرنے اور بھارت سے دوستی کی باتیں ہورہی ہیں، بھارت کیساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کی باتیں کی جارہی ہیں، حکومت سے متعلق مشاورت سے بھی فیصلے کیے گئے تو عوام نے قبول نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بعض اوقات اداروں کی سوچ الگ اور گراؤنڈحقیقت الگ ہوتی ہے، عمران خان کئی بار کہہ چکا ہے کہ روس جانے کا فیصلہ مشاورت سے ہوا تھا لیکن پھر بھی کہا جاتا ہے کہ عمران خان نے روس جانے کا فیصلہ تنہا کیا تھا۔

شیخ رشید نے کہا کہ ماضی میں میڈیا اتنا مضبوط نہیں تھا جتنا آج ہے کروڑوں لوگ دیکھتے ہیں، جلسے جلوس میں لوگوں کی آرا سامنے آتی ہے، میڈیا عوام کو سب دکھاتا ہے، عمران خان کے جلسوں میں جیسا جوش ہے ویسا ہی بیلٹ باکس میں بھی ہوا تو 17 جولائی کو فیصلہ ہوجائے گا، 17 جولائی کو عمران خان کے حق میں فیصلہ آیا تو عام انتخابات کا اعلان اسی ماہ ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:مہنگائی سے سیاسی بحران میں اضافہ، شیخ رشید نے خبردار کردیا

انہوں نے کہا کہ ن لیگ پر بھی سازش کے تحت ملبہ گرایا جارہا ہے، عمران خان کو ہٹانے کا منصوبہ جس نے بھی بنایا انتہائی بے وقوف تھے، وہ اور زیادہ مضبوط اور مقبول ہوگیا ہے، آج عمران خان ہیرو اور باقی سب زیرو ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہمیں بات چیت کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں، کہتا ہوں جس حکمت عملی سے ہمیں مارا گیا اسی کو ذہن میں رکھنا چاہیے، عمران خان کی مقبولیت کی اس وقت لہر ہے ادارے بھی اس سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

Comments

- Advertisement -