راولپنڈی : سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے قبل از گرفتاری ضمانت کیلئے درخواست دے دی ، شیخ رشید کے خلاف مختلف شہروں میں 9 مقدمات درج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ پہنچے اور قبل از گرفتاری ضمانت کیلئے درخواست دے دی۔
شیخ رشید اپنے وکلا کے ہمراہ کمرہ عدالت میں موجود ہیں ، کیس کی سماعت تھوڈی دیر میں جسٹس ملک شہزاد احمد خان کریں گے۔
خیال رہے شیخ رشیدکےخلاف مختلف شہروں میں 9مقدمات درج ہیں جبکہ پولیس شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو پہلے ہی گرفتار کرچکی ہے۔
یاد رہے شعائر اسلام کی توہین کے الزام میں عمران خان، شیخ رشید، فواد چوہدری، شہباز گل سمیت ڈیڑھ سو سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اس سے قبل عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے تھانہ کوہسار میں درخواست جمع کرائی تھی ، جس میں کہا تھا کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور دیگر کی جانب سے مجھے دھمکیاں بھی مل رہی ہیں، حکومت مخالف ایک اہم رکن ہوں میری جان کو خطرہ ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر میں قتل ہوگیا تو نواز شریف، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو شامل تفتیش کیا جائے، رانا ثنا اللہ، حسین نواز، معین نواز اور سلمان شہباز کو شامل تفتیش کیا جائے۔