لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے، ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ شیخ رشید سیلف آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وہ آئسولیشن میں چلے گئے، ریلوے ترجمان نے بتایا کہ شیخ رشید کو بظاہر کرونا کی علامات نہیں ہیں تاہم ڈاکٹرز کی ہدایت پر وہ 2 ہفتے قرنطینہ میں رہیں گے۔
شیخ رشید نے بھی ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کر دی ہے، انھوں نے کہا کہ مجھے کرونا کی کوئی علامت نہیں ہے، پی ایس میں ٹیسٹ مثبت آنے پر ٹیسٹ کرایا تھا، اب میں نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے، 7 دن بعد پھر ٹیسٹ کراؤں گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلمان ہوں اور ایمان ہے کہ فیصلے اللہ کی طرف سے ہوتے ہیں، دعا کریں اور احتیاط کریں، احتیاط ضروری ہے، ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔
شاہد خاقان عباسی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، خود کو قرنطینہ کرلیا
خیال رہے کہ وفاقی اور صوبائی وزار میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ سنگین صورت اختیار کرتا جا رہا ہے، اب تک متعدد وزرا اور صوبائی و قومی اسمبلی اراکین کو وِڈ 19 سے متاثر ہو چکے ہیں، آج سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کرونا وائرس سے 32 افراد جاں بحق ہوئے، محکمہ صحت پنجاب کے مطابق کرونا وائرس کے چوبیس گھنٹوں میں مزید 1813 نئے کیس سامنے آئے، اور اب تک کنفرم مریضوں کی تعداد 38903 ہو گئی ہے۔