منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

فوج کے خلاف بولنے والوں کی زبان نکال لینی چاہیے، وفاقی وزیر داخلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ جو لوگ فوج کےخلاف بولتے ہیں ان کی زبان نکال لینی چاہیے، وہ مسلم لیگی نہیں ہے جو فوج کےخلاف بات کرتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے ایک بار پھر اپنے توپوں کا رخ پی ڈی ایم کی جانب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں یہ لوگ مائنز بنے ہوئے ہیں، جو پاکستان بنانےکےمخالف تھےآج وہی انتشار پھیلارہےہیں، آج ہندوستان کے مسلمانوں کو پاکستان کی یاد آرہی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے جے یو آئی سربراہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ جس اسمبلی کوگالی دیتے ہیں انھی سے ووٹ مانگنے جارہےہیں، بکِنے اور بَکنے والوں کی ایک کلاس ہوتی ہے، مولانا فضل الرحمان کو حلوہ کھلانے کی پیشکش واپس لیتا ہوں اور انہیں کہتا ہوں کہ موسم بدل گیا پی ڈی ایم بھی اپنے معاملات پر سوچے۔

- Advertisement -

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ قانون کےدائرے سےباہر نکلیں گےتو اسلام آبادپھر اسلام آبادہوگا پھر نہ کہنا، پی ڈی ایم نے قانون کی خلاف ورزی کی تو قدم قدم پر رکاوٹ ہوگی، آنسو گیس کا وسیع ذخیرہ موجود ہے، خود آنسو گیس کے شیل چلا کر چیک کئے کہ چلتےہیں یانہیں؟، لانگ مارچ کرے آپ کو ایک ماڈرن پولیس اسلام آباد میں نظر آئے گی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بلاول میرے دل کے قریب ہے اور میری بات دل سےسمجھتا ہے، اب تو آصف زرداری کو بھی میری بات سمجھ آگئی ہے، مجھے دکھ صرف مسلم لیگ ن کا ہے، وہ مسلم لیگی نہیں ہے جوفوج کےخلاف بات کرتا ہے،جو لوگ فوج کےخلاف بولتے ہیں ان کی زبان نکال لینی چاہیے۔

سینیٹ الیکشن سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ الیکشن اوپن ہوں یا سیکرٹ بکنے والا بک جاتا ہے، بکنے والا مال کبھی اس منڈی میں کبھی اس منڈی میں بکتاہے، کسی کا ایک ووٹ کم یا زیادہ ہوگیا تو قیامت نہیں آجائےگی، سینیٹ الیکشن کو میڈیا نے بہت اہمیت دے رکھی ہے۔

ملکی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آج ہردو سے تین روز میں خبر آتی ہے کہ چار فوجی شہیدہوگئے، یہ بھارت کی پاکستان کو اندر سے تباہ کرنے کی سازش ہے، بھارت کو پتہ ہے کہ وہ پاکستان کی سرحد سے نہیں کھیل سکتا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں