اسلام آباد: سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ سول نافرمانی کی تحریک کے حوالے سے فیصلہ کل عمران خان کریں گے۔
شیخ وقاص اکرم نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ حکومت نے مذاکراتی کمیٹی کا اعلان کر دیا کل ملاقات ہوگی، دونوں جانب سے اپنے اپنے نکات سامنے رکھے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کل اندازہ ہو جائے گا کہ حکومت مذاکرات میں کتنی سنجیدہ ہے، کمیٹیوں کی ملاقات کے بعد ہماری کمیٹی عمران خان کو پیش رفت سے آگاہ کرے گی جبکہ وہ سول نافرمانی کی تحریک سے متعلق جو فیصلہ لیں گے بتا دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنماؤں سے بیک چینل رابطے برقرار ہیں، رانا ثنا اللہ
ان کا کہنا تھا کہ سول نافرمانی کی کال ابھی موجود ہے جسے عمران خان ہی واپس لے سکتے ہیں، مذاکرات کے آگے بڑھنے سے متعلق حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی ہی لیں گے۔
قبل ازیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلیے کمیٹی تشکیل دی جس میں اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ، عرفان صدیقی، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور چوہدری سالک حسین شامل ہیں۔
بعدازاں، پی ٹی آئی نے حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش قبول کی۔ سیاسی جماعت کا وفد کل مذاکراتی عمل میں شریک ہوگا، حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات کا ابتدائی دور کل ساڑھے 11 بجے ہوگا۔
چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے حکومتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے اس کی تشکیل کو خوش آئند قرار دیا۔
جبکہ پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ حکومت کی طرف سے مذاکرات کیلیے قائم کمیٹی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان عمران خان نے کیا ہے لہٰذا مؤخر بھی وہی کر سکتے ہیں، اس فیصلہ کل وہ خود کریں گے۔
حکومت سے مذاکرات کیلیے عمران خان کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی میں اسد قیصر، عمر ایوب، سلمان اکرم راجہ، علی امین گنڈاپور اور حامد رضا شامل ہیں۔