شیخوپورہ: پنجاب کے علاقے شیخوپورہ میں گھر میں کرنٹ لگنے سے خاتون اور 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق شیخوپورہ کے علاقے صلاح الدین روڈ پر ایک گھر میں کرنٹ لگنے سے دادی اور ان کے تین پوتے جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق صلاح الدین روڈ پر رکشہ ڈرائیور اسد علی کے گھر میں پنکھے سے کرنٹ لگنے سے اس کی والدہ اور تین بیٹے جاں بحق ہوگئے۔
اسد علی کے مطابق وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ بازار گیا ہوا تھا گھر واپس آیا تو اس کی والدہ اور تینوں بیٹے مردہ حالت میں پڑے تھے اور ان پر پنکھا گرا ہوا تھا۔
جاں بحق ہونے والوں میں 55 سالہ اقبال بی بی، ان کے پوتے 10 سالہ عبدالرحمان، 7 سالہ عبدالمنان اور 5 سالہ مطیع الرحمان شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا ہے۔