لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر شیخو پورہ میں لاہور روڈ پر واقع انجینئرنگ فیکٹری میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی۔ واقعے میں 2 مزدور جاں بحق جبکہ 35 سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق شیخو پورہ کے علاقے خان پور کے نزدیک واقع انجینئرنگ فیکٹری میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ آگ میں جھلس کر 2 مزدور جاں بحق جبکہ 35 سے زائد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ شدید جھلسنے والے 21 ملازمین کو لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔ لاہور منتقل کیے جانے والے تمام زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ شیخو پورہ کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں برن یونٹ موجود نہیں جس کی وجہ سے جھلسنے والے مریضوں کو شدید مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔
واقعے کے بعد زخمیوں کے لواحقین نے اسپتال کے باہر فیکٹری انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے آتش زدگی کا شکار ہونے والی فیکٹری کو سیل کردیا۔