اسلام آباد: وزارت داخلہ میں بطور ایڈیشنل سیکرٹری کام کرنے والے افسر شیر افگن نیازی کا تبادلہ کردیا گیا، حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شریف خاندان کے نام کو ڈالنے کی سفارش وزارت داخلہ کے افسر کو مہنگی پڑی جس کے بعد حکومت نے ایڈیشنل سیکرٹری وزارت داخلہ شیر افگن نیازی کا تبادلہ کیا۔
اے آر وائی نیوز کو موصول ہونے والی نوٹیفکیشن کے مطابق شیر افگن نیازی کو وزارت داخلہ سے اقتصادی امور ڈویژن میں بھیج دیا گیا، تبادلے کی وجوہات ان کی جانب سے شریف خاندان کا نام ای سی ایل فہرست میں ڈالنے کی سفارش تھی۔
شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ، فائل پیش کرنے پر وزیر داخلہ برہم
واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز نے چند روز قبل شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں نہ ڈالنے اور پالیسی تبدیل کرنے سے متعلق معاملہ اٹھایا تھا جس پر وزیر داخلہ احسان اقبال نے پہلے تو ای سی ایل پالیسی سے متعلق تردید کی بعد ازاں وہ پالیسی سے متعلق مان گئے تھے۔
خیال رہے کہ شیر افگن نیازی کے تبادلے کا نوٹیفیکیشن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے کیا گیا جبکہ ان کی جگہ فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ ڈویژن سے گریڈ اکیس کے عمران احمد کو ایڈیشنل سیکرٹری وزات داخلہ تعینات کر دیا گیا، تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیاگیا۔
نیب کی نوازشریف، مریم نوازاورکیپٹن صفدرکا نام ای سی ایل میں ڈالنےکی سفارش
یاد رہے کہ شیرافگن نیازی کی جانب سے مذکورہ اقدام پر حکومت ان کے مخالف آگئی جس پر ان کا وزارت داخلہ سے اقتصادی امور ڈویژن میں اچانک تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔