ہفتہ, جنوری 11, 2025
اشتہار

پی ٹی آئی کے نوجوانو! عادل راجہ اور حیدر مہدی رانگ نمبر ہیں، شیر افضل مروت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے پارٹی سے منسلک نوجوانوں کو پیغام دیا ہے کہ عادل راجہ اور حیدر مہدی رانگ نمبر ہیں۔

شیر افضل مروت نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کچھ بھگوڑے پاکستانی ریاست اور پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے آ رہے ہیں، 9 مئی اور اس کے بعد عادل راجہ نے میراتھن لائیو نشریات چلائی تھی، وہ پی ٹی آئی ورکرز کو تاثر دیتا ہے جیسے ہمارا ہمدرد ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عادل راجہ نے جو چند روز میں وی لاگز کیے وہ ان کی تربیت کی عکاسی ہے، میں نے پی ٹی آئی کنونشن میں پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے تھے، پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے بانی پی ٹی آئی کا بیانیہ ہے، بانی پی ٹی آئی پاک فوج اور اداروں کو الفت اور محبت سے دیکھتے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ہماری لڑائی پاک فوج کے ساتھ نہیں ہے پی ٹی آئی محبت وطن جماعت ہے، 9 مئی کے بعد ہم پر مختلف پارٹیوں نے الزامات لگائے کہ ہم ریاست مخالف ہیں، ایسے بیانیے کو آگے پھیلانے میں ان لوگوں نے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

ان کا کہنا تھا کہ عادل راجہ اور حیدر مہدی جیسے لوگ بھگوڑے اور کورٹ مارشل شدہ ہے، عادل راجہ بدنام زمان قبضہ مافیا تھا اور یوٹیوب چینل سے پہلے ٹیکسی چلاتا تھا، ان لوگوں کا روزگار یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے نوجوانوں کو ورغلائے۔

شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ عادل راجہ اور حیدر مہدی ہماری پارٹی کو بدنام کر رہے ہیں، ان کا پی ٹی آئی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، ہم قانونی دائرے میں رہ کر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، پی ٹی آئی کے ورکرز سے کہتا ہوں آپ ان کے چینلز دیکھتے ہیں اور یہ کماتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عادل راجہ اور حیدر مہدی کی وجہ سے پی ٹی آئی کے خلاف بدگمانی پیدا ہو رہی ہے، یہ رانگ نمبر ہیں ان کو مسترد کریں، پی ٹی آئی سوشل میڈیا ان لوگوں کے بدنما چہرے قوم کے سامنے لائیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں