اسلام آباد: قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے جوتا لہرا دیا۔
نئے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب سے قبل سنی اتحاد کونسل کے نو منتخب اراکین کی جانب سے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ اس دوران شیر افضل مروت نے جوتا لہرایا۔
اس پر راجہ پرویز اشرف نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑی غلط بات ہے کہ معزز ایوان میں اپنے جوتے لہرا رہے ہیں، اسد قیصر اور عمر ایوب صاحب کہاں ہیں؟ آپ تمام ممبران سے درخواست ہے نشستوں پر تشریف رکھیں۔
اسپیکر کے منع کرنے کے باوجود سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے احتجاج کیا اور مخالفین کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ مخالفین کے اراکین نے بھی ان کے خلاف نعرے لگائے۔
نئے اسپیکر کے انتخاب بعد شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ ایوان میں اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل ہوا، ایاز صادق نے اسپیکر کا منصب سنبھالا، ہمارا مؤقف تھا اسمبلی میں اجنبی لوگ بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مخصوص نشستوں کے ساتھ 225 نشستیں بنتی ہیں، چیلنج کریں گے اسپیکر نے ہمارے احتجاج کے باوجود رولنگ نہیں دی، اسپیکر کو چاہیے تھا کہ تاخیر کرتے لیکن انہیں جلدی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام پارٹیوں کا واحد مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہونا چاہیے، کل ہم لیاقت باغ سے پارلیمنٹ تک احتجاج کریں گے، 11 بجے لیاقت باغ میں جمع ہوں گے 4 بجے تک پارلیمنٹ پہنچیں گے۔