کراچی : شیرشاہ میں دھماکہ سے ایک شخص جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق شیر شاہ کباڑی مارکیٹ میں مارٹر گولہ پھٹنے سےزوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
ایس پی سائٹ ایریا ساجد سدوزئی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ شیر شاہ کباڑی مارکیٹ کے قریب واقع فیکٹری میں صفائی کے دوران اسکریپ کا سامان باہر لاتے ہوئے اچانک دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں اکبر نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔
جبکہ عبدالرحمان اور پیر محمد نامی دو افراد زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم بھی طلب کی گئی جس نے دھماکے کی نوعیت کا تعین کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکہ اسکریپ مال میں موجود پرانا مارٹر گولہ پھٹنے سے ہوا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے ایک زخمی شخص کو مزید تفتیش کیلئے حراست میں لے لیا ہے۔