کراچی شیر شاہ میں گل بائی پُل پر ٹینکر میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے، خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 2 گودام اور متعدد گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے علاقے شرشاہ میں گل بائی پُل کے قریب ٹینکر الٹ گیا تھا جس میں موجود ہزاروں لیٹر آئل بہے گیا تھا جس میں ہولناک آگ بھڑک اٹھی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ کی 7 سے 8 گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصّہ لیا، آتشزدگی کے نتیجے میں دو گودام، ایک کنٹینر، 5 موٹر سائیکلیں جل گئیں۔
ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم شہریوں نے آگ بجھنے کے بعد سڑک پر بہنے والا خام تیل بالتیوں میں بھرنا شروع کردیا جو کسی بھی ناخوشگوار حادثے کا باعث بن سکتا ہے۔۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گل بائی پُل پر ٹینکر میں بھڑکنے والی آگ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کو فون کرکے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کردی۔
مزید پڑھیں : شیر شاہ میں آئل ٹینکر التنے کے باعث خوفناک آتشزدگی
یاد رہے کہ صبح تقریباً 7 بجے شرشاہ میں گل بائی پُل پر ہزاروں لیٹر کروڈ آئل سے لدا ٹینکر نامعلوم وجوہات کے باعث الٹ گیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور معمولی زخمی ہوا تھا اور ٹینکر سے ہزاروں لیٹر کروڈ آئل بھی بہے کر ضائع ہوگیا۔