پیر, جولائی 1, 2024
اشتہار

عوامی مسائل کا حل اور ملکی ترقی وزیر اعظم کی ترجیح ہے: شبلی فراز

اشتہار

حیرت انگیز

کوہاٹ: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کو عالمی سطح پر عزت دلوائی، عوامی مسائل کا حل اور ملکی ترقی وزیر اعظم کی ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے کوہاٹ اور جنوبی اضلاع کی ترقی پر توجہ دی، شاہراہ کے منصوبے سے متعلق ایم این ایز نے کافی کام کیا۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بجلی کا مسئلہ بھی آنے والے سال میں حل ہوجائے گا، حکومت میں آئے تو خزانہ خالی تھا آئی ایم ایف کی طرف جانا پڑا، ادارے مکمل طور پر مفلوج تھے، ماضی کے حکمرانوں نے ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نہ کسی سے خوف ہے، نہ کاروبار نہ کوئی ذاتی مفاد ہے، وزیر اعظم نے پاکستان کو عالمی سطح پر عزت دلوائی، وزیر اعظم کا انداز معذرت خواہانہ نہیں رہا، عالمی رہنماؤں سے برابری کی سطح پر ملے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم معیشت کو پائیدار سطح پر لے جانا چاہتے ہیں، کوشش ہے کہ ملک کو اس سطح پر لے جائیں کہ قرضے نہ مانگنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک علاج مفت فراہم کرنے کی سہولت دی، کرونا وائرس کی وبا نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، مضبوط معیشتیں تک متاثر ہوئیں۔

شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی بنیادی سوچ تھی کہ جانوں اور کاروبار دونوں کو ساتھ لے کر چلنا ہے، ہم اس سوچ کے ساتھ صورتحال سے کامیابی سے نکلے۔ پہلی دفعہ کئی ممالک نے کہا کہ پاکستان کی تقلید کرنی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ مہنگائی ختم ہو، وقت کے ساتھ ساتھ عوام کو اشیائے خور و نوش کی قیمتیں کم کرنے کی کوشش ہے، عوامی مسائل کا حل اور ملکی ترقی وزیر اعظم عمران خان کی ترجیح ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں