جمعرات, جنوری 16, 2025
اشتہار

شیریں مزاری نے امریکی سفیر کو سیاسی بونا قرار دے دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے وفاقی وزرا نے وزیرِ اعظم عمران خان پر تنقید پر افغانستان میں تعینات امریکی سفیر کے دانٹ کھٹے کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی سفیر جون راڈنی باس نے اپنی ٹویٹر پوسٹ میں لکھا کہ کرکٹ کے بعض پہلوؤں کا سفارت کاری پر اطلاق کیا جا سکتا ہے لیکن بعض کا نہیں۔

اس کے بعد امریکی سفیر نے افغان امن عمل کو اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئے عمران خان پر بے جا تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ضروری ہے کہ وہ افغان امن عمل کے ساتھ اپنی بال ٹمپرنگ کی خواہش کو روکے۔

- Advertisement -

پی ٹی آئی کے وفاقی وزرا نے امریکی سفیر کے اس بیان پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے جون راڈنی باس کو آئینہ دکھا دیا، شیریں مزاری نے ٹویٹر پر امریکی سفیر کو سیاسی بونا قرار دے دیا۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق نے امریکی سفیر کو مخاطب کر کے کہا کہ جس طرح بال ٹمپرنگ سے متعلق آپ کی معلومات باطل ہیں اسی طرح اس خطے اور افغانستان سے متعلق بھی آپ سوجھ بوجھ سے عاری ہیں۔

شیریں مزاری نے سخت الفاظ میں کہا کہ آپ جس جہالت میں مبتلا ہیں وہ کوئی اچھی چیز نہیں ہے، آپ کا رویہ صدر ٹرمپ کے فسادی رویے کی ایک اور نشانی ہے، یہی زلمے خلیل زاد کا طرز عمل رہا۔

وزیر خزانہ اسد عمر نے بھی ٹویٹر پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے ٹویٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کرکٹ اور ڈپولومیسی کے بارے میں کچھ نہیں جانتے۔ افغان امن عمل ایک نازک موڑ پر ہے، امید ہے کہ امریکا اس قسم کے نازک مسائل سے نمٹنے کے لیے کوئی بہتر سفارت کار ڈھونڈے گا۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور نے بھی پیچھے رہنا مناسب نہیں سمجھا اور امریکی سفیر کے ٹویٹ پر براہ راست جواب دیا کہ آپ مختلف حکومتوں کے ادوار میں آدھی دنیا گھوم چکے ہیں، وہ حکومتیں جنھوں نے ہر جگہ بغیر کسی وجہ کے ہزاروں لوگوں کو قتل کیا۔ ہم نے کئی اچھے امریکی سفیر دیکھے ہیں تاہم آپ اپنے افسوس ناک رویے کے باعث ان میں شامل نہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں