لندن: منفی درجہ حرارت اور برفباری میں شرٹ اتار کر صرف ایک جانگیے میں جاگنگ کرنے والے برطانوی نے لوگوں کو حیران کر دیا۔
انسٹاگرام پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جو لندن کے ایک پروفیشنل فزیکل ٹرینر یوسف بوواتورا نے پوسٹ کی ہے، ویڈیو میں انھیں برف باری کے دوران شرٹ اتار کر جاگنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
جب پیر کی صبح پورے برطانیہ میں لوگ شدید برف باری سے بیدار ہوئے، تو بہت سے لوگ گھر میں گرم رہنے کی کوشش کر رہے ہوں گے کیوں کہ سفری رکاوٹوں کی وجہ سے لوگ کام پر نہیں جا پائے، اسکول بھی بند پڑے تھے، ایسے میں لندن کی سڑکوں پر بھاگتے ایک شہری کو دیکھا گیا جس نے صرف شارٹس پہنے ہوئے تھے اور سر پر اونی کنٹوپ تھا۔
زیرو درجہ حرارت میں بغیر شرٹ کے دوڑتے ہوئے ورزش کے اس جنونی کو سوشل میڈیا صارفین نے ’پاگل‘ قرار دے دیا گیا۔ صارفین نے مزے مزے کی میمز بھی بنا ڈالیں، کسی نے کہا لگتا ہے کوئی بہت ہی اہم میٹنگ ہے تو کسی نے پاگل قرار دیا، کسی نے برفباری میں ہرنوں کے بھاگنے کی ویڈیو شیئر کر دی۔
View this post on Instagram
ویڈیو میں پروفیشنل پرسنل ٹرینر یوسف بواتورا ٹوٹنہم ہاٹپور اسٹیڈیم سے گزر رہا ہے، یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی۔ ویڈیو کے ساتھ یوسف نے لکھا ’میں بس اپنے ہوم ٹاؤن میں لطف لے رہا ہوں۔‘
فزیکل ٹرینر کی شناخت 26 سالہ یوسف بواتورا کے نام سے ہوئی ہے، وہ مسلمان ہے، اس کے بارے میں ڈیلی میل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں اس کا تعلق ایک گینگ سے تھا، لیکن دو بار چھرا گھونپے جانے سے وہ زخمی ہوا، اور اسے ڈھائی سال جیل بھی کاٹنی پڑی، اس کے بعد پانچ سال تک گھر میں بھی نظر بند رہا، تاہم اس کے بعد انھوں نے اپنی زندگی بدل دی۔