اسلام آباد:سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے طلب کرنے والے ایف آئی اے افسر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق سابق اسپیڈ اسٹار نے طلبی کا نوٹس ملنے پر ڈی جی ایف آئی اےکوخط لکھ دیا، وکیل کے توسط سے لکھے گئے خط میں شعیب اختر نے طلب کرنے والے انسپکٹر کے خلاف انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں شعیب اختر کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے انسپکٹر نےکس بنیاد پر پیش ہونے کا کہا ہے؟
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹر شعیب اختر نے طلبی کے باوجود 5جون کوپیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، شعیب اختر کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے 5 جون کو صبح 11 بجے طلب کر رکھا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو ایف آئی اے نے طلب کرلیا
شعیب اختر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی شکایت پر طلب کیا گیا ہے، کرکٹ بورڈ کی طرف سے ان کے لیگل سیل نے ایف آئی اے سائبر ونگ کو تحریری شکایت کی تھی کہ سابق فاسٹ بولر نے سوشل میڈیا پر پی سی بی کے سسٹم کے خلاف بیان بازی کی۔
واضح رہے کہ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کا کہنا تھا کہ شعیب اختر نے ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا اور کیریئر کو داغدار کرنے کی کوشش کی۔
یاد رہے کہ شعیب اختر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پی سی بی کا انٹرنل انکوائری سسٹم ٹھیک نہیں جس سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی ساکھ متاثر ہوئی ہے اور بین الاقوامی سطح پر پی سی بی کی بدنامی ہوئی۔
https://www.youtube.com/watch?v=4qQnN29gYjY&feature=emb_title