سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا کہنا ہے کہ محمد عامر، بابر اعظم کی کمزوریوں سے بخوبی واقف تھے۔
سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر کی بابر اعظم پر ’ذہنی طور پر غلبہ‘ حاصل کرنے پر تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ طویل عرصے کے بعد عامر کی بولنگ کو دیکھ کر خوشی ہوئی، بابر اعظم گیند کو ٹھیک سے دیکھنے کے لیے جدوجہد کررہے تھے، گیند یا تو اس کے سر یا اس کے جسم سے لگ رہی تھی۔
شعیب اختر نے کہا کہ عامر ذہنی طور پر بابر پر حاوی تھے جب ہجوم گراؤنڈ کے چاروں طرف ’بابر، بابر‘ کے نعرے لگا رہا تھا تو عامر خاموشی سے اپنا کام کررہے تھے۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ بابر کو سیٹ ہونے کے لیے وقت لینا چاہینے تھا کیونکہ پچ مشکل تھی۔
یہ پڑھیں: شعیب اختر نے ایک فاسٹ بولر کو پاکستان کرکٹ کا اثاثہ قرار دے دیا
انہوں نے کہا کہ اگر اس طرح کی بولنگ کا سامنا کرنے والا کوئی دوسرا پاکستانی بیٹر بھی ہوتا تو وہ بھی عامر کی بولنگ کے سامنے سنبھل نہیں پاتا۔
شعیب اختر نے کہا کہ جب تھوڑا سا بھی جھول پڑتا ہے تو بابر اعظم جدوجہد کرنے لگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زلمی کی ٹیم اس طرح کی بولنگ کے سامنے ایک معمولی ٹوٹل کا بھی تعاقب نہیں کرسکتی، یہ اس طرح کے میچز ہیں جو کرکٹ کو دیکھنے کے لیے پرجوش بناتے ہیں۔