پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کی قائدانہ صلاحیتوں سے متاثر ہوگئے اور اعظم خان کی بھی حمایت کردی۔
سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ایک مقامی ڈیجیٹل اسپورٹس پلیٹ فارم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بولر کے طور پر ان میں زیادہ دلچسپی ہے اور میں اسے ہمیشہ بولر کے طور پر پہچانتا ہوں، مجھے ان کی بیٹنگ کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
انہوں نے شاداب خان کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک ‘بہت اسمارٹ کھلاڑی’ اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا ایک اہم حصہ قرار دیا۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ شاداب ٹیم کو متحد رکھتا ہے اور کسی بھی مسئلے کو پیدا نہیں ہونے دیتا۔
شعیب نے اعظم خان کا بھی دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وکٹ کیپر بلے باز کو غیر ضروری تنقید کا سامنا کرنا پڑا، وہ بہت اچھے کرکٹر ہیں جنہیں غیر ضروری ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے 26 سالہ کرکٹر کی پاور ہٹنگ کی صلاحیت کی مزید حمایت کی۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ اگر میں ان کی جگہ ہوتا تو میں 100 دنوں میں 40 کلو وزن کم کرنے پر ایک دستاویزی فلم بناتا اور پھر 33 گیندوں میں سنچری بنا کر اپنی طاقت کا ثبوت دیتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر اعظم میری بات سن رہے ہیں تو بس یہ کریں اور دنیا کو دکھائیں کہ آپ کیا کرنے کے قابل ہیں۔
شعیب اختر نے ٹیم کے ماحول کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی پریشان ہونے کی بجائے سپورٹ کرنے پر ترقی کرتے ہیں۔