راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے پاک انگلینڈ ون ڈے سیریز میں بدترین شکست پر ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں کو آئینہ دکھا دیا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کی عبرت ناک شکست پر سابق فاسٹ بولر شعیب اختر طیش میں آگئے، راولپنڈی ایکسپریس نے اپنے یوٹیوب چینل سے ٹیم انتظامیہ کو کھری کھری سنا دی۔
انہوں نے ٹیم کی شکست پر کہا کہ پاکستان کی ٹیم ایک ایوریج ٹیم ہے اور ایوریج بورڈ سے ایک ایوریج ٹیم ہی نکل سکتی ہے، اسی لیے اب لوگوں نے قومی ٹیم کو فالو کرنا بھی چھوڑ دیا ہے۔
شعیب اختر نے کہا کہ لوگ ہم سے کہتے ہیں کہ جب سے آپ لوگ گئے ہیں ہم نے پاکستان کی ٹیم کو فالو کرنا چھوڑ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسی ٹیم کو دیکھنے کےلیے کون پیسے خرچ کرے گا جو انگلینڈ کی اکیڈمی ٹیم سے بھی ہار جائے۔
شعیب اختر کا اپنے یوٹیوب چینل کے توسط سے کہنا تھا کہ ٹیم میں صرف حسن علی ایک ایسا فاسٹ بولر ہے جو کھلاڑیوں کو پویلین بھیجنا جانتا ہے جب کہ بیٹنگ لائن بلکل خراب ہے، ہمارے بلے بازوں کو اسٹرائیک تبدیل کرنا ہی نہیں آتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میچز ہارتی ہی بیٹنگ لائن کی وجہ سے ہے، ہمارے بلے بازوں کو صرف چھکے چوکے مارنا بیٹنگ لگتا ہے حالانکہ ایسا بلکل نہیں ہے، ہمیں اپنے لڑکوں کو اسٹار بنانا ہے۔