لاہور : پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ سرحدی کشیدگی کے پیش نظر متحدہ عرب امارات میں ممکنہ پاک بھارت کرکٹ سیریز ملتوی کردینی چاہیئے۔شعیب اختر کے اس بیان سے کرکٹ حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق معروف فاسٹ بولر راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ سرحد پر جاری کشیدہ حالات میں کرکٹ ہونی ہی نہیں چاہیئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا، ان کا کہناتھاکہ جب تک سفارتی سطح پر حالات مستحکم نہیں ہو جاتے اس سے پہلے کھیل کود کا نام بھی نہیں لینا چاہیئے۔
یہ سیریز کھیلنے کا صحیح وقت نہیں ہے۔ ہر کوئی جانتا ہے کہ کھیل کو سیاست سے دور ہونا چاہئے مگر بدقسمتی سے جو کچھ بھارتی افواج کی جانب سے اس وقت سرحدوں پر ہو رہا ہے وہ ٹھیک نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں یہ دونوں ٹیموں کے مابین کرکٹ سیریز کھیلنے کا درست وقت نہیں ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی 20 میچز کی سیریز رواں سال دسمبر میں یو اے ای میں شیڈول ہے۔
بھارت کی جانب سے سیالکوٹ سمیت دیگر سیکٹرز میں سرحدی خلاف ورزی کی خبروں کے بعد سابق فاسٹ بولر نے پاک بھارت سیریز کو ہی بولڈ کردیا۔