لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر نے مشیر چیئرمین پی سی بی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب اختر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مشیر چیئرمین پی سی بی کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا۔
شعیب اختر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ مجھے نجم سیٹھی نے مشیر مقرر کیا تھا، اب میرا اس عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز نہیں ہے، اس لیے میں مشیر چیئرمین پی سی بی کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔
This is to announce that i have resigned from the post of Advisor to the Chairman #PCB effective immediately.@TheRealPCB
#ShoaibAkhtar— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) September 6, 2018
واضح رہے کہ سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے شعیب اختر کو 2017 میں اپنا مشیر مقرر کیا تھا۔
خیال رہے کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد نجم سیٹھی نے 20 اگست کو چیئرمین پی سی بی کا عہدہ چھوڑ دیا تھا جس کے بعد احسان مانی نئے چیئرمین پی سی بی منتخب ہوئے تھے۔
سابق فاسٹ بولر شعیب اختر قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے 46 ٹیسٹ، 163 ون ڈے اور 15 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں جبکہ انہوں نے ٹیسٹ کیریئر میں 178، ون ڈے میں 247 اور ٹی ٹوئنٹی میں 19 حاصل کیں۔