قومی ٹیم کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے بابر اعظم سے متعلق بیان کی وضاحت کردی۔
پروگرام ’ہرلمحہ پرجوش‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے کہا کہ ’آپ اس دور میں رہ رہے ہیں جہاں میڈیا کی بھرمار ہے اور آپ کو میڈیا سے سیکھنا پڑے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ بیس سال پرانی کرکٹ نہیں ہے یہ وہ کرکٹ ہے جہاں پر آپ کو بولنا بھی سیکھنا پڑے گا اور کمیونی کیشن اسکل بھی بہتر کرنا پڑے گی۔
شعیب اختر نے کہا کہ ’کرکٹ اب ایک ’جاب‘ نہیں رہی ہے اس کی دوسری ’جاب‘ میڈیا بھی ہے۔‘
سابق اسپیڈ اسٹار نے کہا کہ ’ہمارے پاس گریٹ یونس خان بیٹھے ہوئے ہیں وہ اچھے کھلاڑی بھی ہیں اور ماشا اللہ بولتے بھی بہت اچھا ہیں لیکن بات وہی ہے کہ یونس اور میرے وقت پر میڈیا اتنا نہیں تھا لیکن اب آپ کو میڈیا کو بھی دیکھنا ہے۔‘
شعیب اختر نے کہا کہ اگر آپ کو انگریزی نہیں آتی ہے تو اپنی زبان میں بات کرلو لیکن ٹوٹی پھوٹی انگریزی نہ بولو یہ عجیب لگتا ہے۔
ایک سوال کے جواب شعیب اختر نے کہا کہ بابر اعظم کو میں نے بیٹھ کر سمجھایا تھا کہ تمہیں سو کروڑ کا برانڈ ہونا چاہیے لیکن اس کے لیے دوسری ڈیوٹی میڈیا ودیگر چیزیں بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا یہ ارادہ نہیں تھا کہ بابر اعظم کو چھوٹا دکھاؤں بلکہ یہ چاہتا ہوں کہ جب آپ اس کا موازنہ ویرات کوہلی کے ساتھ کرتے ہیں تو وہ بھی بڑا نظر آئے۔