پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کے ٹاپ بیٹر بابر اعظم سے متعلق بڑا دعویٰ کر دیا ہے۔
پاکستان کے سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر شعیب اختر جو اپنے دور میں تیز ترین رفتار کے باعث راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے آؤٹ آف فارم بابر اعظم سے متعلق بڑا دعویٰ کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا ہے کہ پی سی بی کی موجودہ سلیکشن کمیٹی چیمپئنز ٹرافی تک بابر اعظم کو موقع دے گی۔ اگر ان کی فارم بحال نہ ہوئی تو ان پر ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کے دروازے بند ہو سکتے ہیں۔
شعیب اختر نے کہا کہ بابر اعظم بلاشبہ ایک کرکٹ اسٹار ہیں لیکن پی سی بی کی نئی منیجمنٹ ٹیم میں جارحانہ کھیل کی صلاحیت کو پروان چڑھانا چاہتی ہے۔ ایسے میں اگر بابر نے وائٹ بال ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنی ہے تو اس کو اپنا گیم پلان بھی تبدیل کرنا ہوگا۔
سابق اسپیڈ اسٹار نے مزید کہا کہ اگر بابر اعظم کی بری فارم کا سلسلہ دراز ہوا اور وہ چیمپئنز ٹرافی میں بھی پرفارم نہ کر سکے تو انہیں ون ڈے اور ٹی 20 ٹیموں سے باہر کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ شعیب اختر یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی پر پاکستان کا موقف بالکل درست ہے لیکن میں بھارت نہ جاکر کھیلنے کے موقف کی حمایت نہیں کرتا۔