دبئی: ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل سے قبل قومی ٹیم کے دو اہم کھلاڑی بخار میں مبتلا ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی میڈیا منیجر کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے دو کھلاڑی شعیب ملک اور محمد رضوان کو ہلکا بخار ہے، دونوں کھلاڑی ہوٹل میں موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں کو فلُو ہوا ہے اور معمولی بخار بھی ہے، ان کی کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ بھی کلیئر آئی ہے، البتہ ڈاکٹر نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں کا کل صبح پھر چیک اپ کیا جائے گا۔
دو روز آرام کے بعد پاکستان ٹیم نے آئی سی سی اکیڈمی میں ٹریننگ کا آغاز کیا لیکن قومی ٹیم کے دو قابل اعتماد کھلاڑی شعیب ملک اور محمد رضوان ٹیم کے ہمراہ پریکٹس کیلئے نہیں آئے۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔