مظفرآباد: کے پی ایل کی ٹیم میرپور رائلز کے کپتان شعیب ملک نے مظفر آباد پہنچ کر انوکھی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک مظفر آباد کے موسم اور نظاروں کے گرویدہ ہو گئے ہیں، وہ کشمیر پریمیئر لیگ کے میچز میں حصہ لینے کے لیے آزاد کشمیر پہنچے ہیں، اور جاتے ہی کشمیر کی بلند و بالا پہاڑوں کے نظاروں کے گرویدہ ہو گئے۔
آل راؤنڈر نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں مظفر آباد آزاد کشمیر آنے کا کافی وقت سے انتظار تھا، مظفر آباد کے بارے میں جتنا سنا تھا اسے ویسا ہی پایا، انھوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ ان دل کش پہاڑوں پر جانا چاہتے ہیں۔ویڈیو میں شعیب ملک دھند میں لپٹے سحر طاری کر دینے والے بلند و بالا پہاڑوں کی طرف اشارہ بھی کرتے نظر آتے ہیں۔
کے پی ایل کی ٹیم میرپور رائلز کی کپتانی کرنے والے کھلاڑی نے کہا کہ انھوں نے مظفر آباد کرکٹ اسٹیڈیم کی بھی بہت تعریف سنی ہے، یہاں کے نظارے بہت خوب صورت ہیں، میں خود بھی ان دل کش پہاڑوں پر جانا چاہتا ہوں۔
انھوں نے کہا کشمیر پریمیئر لیگ میں کشمیری کھلاڑیوں کے لیے سیکھنے کا بڑا موقع ہے، امید ہے کشمیر پریمیئر لیگ بہت کامیاب ہوگی، اور میں شائقین سے کہوں گا اسٹیڈیم آ کر میچ دیکھیں۔