کراچی: قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام’ گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کی اور میزبان ندا یاسر کے مختلف سوالات کے جوابات دئیے۔
قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے بتایا کہ ٹیم میں کسی بھی کھلاڑی سے تعلقات خراب نہیں رہے لیکن محمد یوسف سے بہت اچھی دوستی تھی ان سے باتیں شیئر کرتا رہتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ محمد یوسف کے علاوہ شعیب اختر اور شاہد آفریدی کے ساتھ بہت اچھی دوستی رہی اور ابھی بھی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شعیب ملک نے کہا کہ جب ٹیم میں آیا تھا تو اس وقت یہ قانون تھا کہ سینئرز کھلاڑیوں کو ایک کمرہ ملتا تھا جبکہ جونیئرز کمرہ شیئر کرتے تھے ، شروع میں روم میٹ یوسف بھائی تھے اسی وجہ سے ان سے اچھی دوستی ہوگئی۔
شعیب ملک نے کہا کہ یوسف بھائی کے کھانے کے شوقین ہیں اور میں بھی اس طرح ہماری دوستی مضبوط ہوتی چلی گئی۔
ماضی کے حوالے سے آل راؤنڈر نے بتایا کہ جب 1997 میں اے ٹیم کے ساتھ تھا اس وقت میرے روم میٹ اظہر محمود ہوا کرتے تھے، اس ٹیم میں عبدالرزق، شعیب اختر اور محمد وسیم ہمارے ساتھ تھے۔
شعیب ملک نے کہا کہ عبدالرزاق، شعیب اختر اور محمد وسیم کے ساتھ کھیل چکا تھا لیکن زیادہ دوستی یوسف بھائی کے ساتھ ہی ہے۔