سابق کپتان شعیب ملک نے مینٹور کے عہدے سے دستبردار ہونے کے بعد لب کشائی کردی۔
سابق کرکٹر شعیب ملک نے کہا کہ دو ہفتے قبل پی سی بی کو ڈومیسٹک کرکٹ مینٹور کے عہدے سے دستبردار ہونے کے فیصلے سے آگاہ کردیا تھا اور پھر استعفیٰ تحریری طور پر جمع کروایا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ہموار منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے تمام موجودہ معاہدے کی ذمہ داریوں کا احترام کریں گے۔
شعیب ملک نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، چیمپئنز ایونٹس کے ڈائریکٹر وہاب ریاض، پی سی بی ایگزیکٹو ٹیم اور کوچنگ اسٹاف کا شکریہ ادا کیا۔
یہ پڑھیں: پی سی بی کے مینٹورز فارغ، مصباح اور سرفراز کو اہم ذمہ داری دیے جانے کا امکان
سابق کپتان نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اپنے تجربے کو شیئر کرنے کا موقع فراہم کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں پی سی بی اور اس میں شامل ہرفرد کی کامیابی کی خواہش کرتا ہوں، کرکٹ میرے خون میں دوڑتی ہے اور میں مستقبل میں ہر ممکن مدد کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔
دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین کی جانب سے کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد مصباح الحق اور سرفراز احمد کو پی سی بی میں اہم ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے، تاہم دونوں سابق کپتانوں کو کیا عہدے دیے جائیں گے، اس حوالے سے کوئی اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔